کاروار22؍اکتوبر(ایس او نیوز)پولیس یوم شہیداں کے موقع پر ضلع ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول نے کہا کہ پولیس افسران اپنی ذاتی زندگی پر سماجی خدمات اور عوامی تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں۔ ا ن کا خلوص اور ان کی قربانی قابل ستائش ہے۔مسٹر نکول پولیس پریڈ گراونڈ پر یوم شہیداں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کہا پولیس والے اپنی خانگی زندگی اور آرام و سکون کو چھوڑ کر عوام کو تحفظ اور امن وامان دینے کے لئے رات دن سرگرم رہتے ہیں۔ان کی قربانیوں کو ہمیں فراموش نہیں کرنا چاہیے۔اپنے فرائض کی ادائیگی کے وقت موت کو گلے لگانے والوں کی یا دمیں یہ خصوصی دن منایا جاتا ہے۔پولیس والے مختلف دباؤ کے تحت اپنے فرائض انجام دیتے ہیں، ایسے میں ان پر حملے کرنے اور انہیں نقصان پہنچانے کے واقعات رونما ہورہے ہیں، جو کہ اچھی بات نہیں ہے۔ عوام کو چاہیے کہ سماج کی حفاظت کے لئے مصروف پولیس والوں کے ساتھ عوام کو تعاون کریں۔
اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی مسٹر دیوراج نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے اندر ملک بھر میں 473پولیس افسران اور اہلکاروں کو اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔جبکہ ریاست میں اسی عرصے میں22پولیس والے شہید ہوئے ہیں۔ڈی وائی ایس پی پرمودراؤ کے علاوہ دیگر پولیس افسران اور شہر کے معززین نے اس اجلاس کے دوران 2منٹ تک خاموش کھڑے رہ کر شہید پولیس والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ شہیدوں کی یاد میں قائم کیے گئے سمارک پر پھول نچھاور کیے گئے۔اور پولیس افسران اور اہلکاروں نے پریڈ بھی کیا۔